غیر آئینی طریقے اور مسلح جتھوں کی موجودگی کسی صورت قبول نہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر

باغ میں جلسہ سے خطاب، عوام کو یرغمال بنانے کا عمل مسترد، اہم اعانات کا اعلان

November 29, 2026 · اہم خبریں
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی باغ میں جلسے سے خطاب کر رہے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی باغ میں جلسے سے خطاب کر رہے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ غیر آئینی طریقے اور مسلح جتھوں کی موجودگی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ باغ میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ امن کے استحکام کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں اور تمام مسائل کو آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر ہی حل کیا جانا چاہیے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے فسادی جتھے کی جانب سے عوام کو یرغمال بنانے کے گھناؤنے عمل کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کے پھیلاؤ اور نازیبا زبان کے استعمال پر شدید افسوس ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ راولاکوٹ میں اسکولوں، ہسپتالوں اور سڑکوں کی بندش کا ذمہ دار کون ہے؟ کیا مذاکرات کا یہی طریقہ ہے کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے پر پوری ریاست کو تالے لگا دیے جائیں؟ کوئی بھی مطالبہ بچوں کی تعلیم اور عوام کے علاج معالجے سے بڑھ کر نہیں ہو سکتا۔

افتخار گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کے 7 حلقوں میں ابھی تک انتخابات نہیں ہو سکے ہیں، اور یہ سوال اپنی جگہ اہم ہے کہ ان حلقوں کے عوام کی اسمبلی میں نمائندگی نہ ہونے کا اصل ذمہ دار کون ہے۔ آزاد کشمیر میں امن خراب کرنے والے عناصر کو عوامی مشکلات کا براہِ راست ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہیے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے باغ ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دینے اور وہاں امراضِ قلب کا ہسپتال قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ 3 ماہ کے اندر سڑکوں پر الیکٹرک بسیں بھی چلتی ہوئی نظر آئیں گی۔