برطانیہ کے محکمہ پنشن پر سائبر حملہ، متعدد اہم آن لائن سروسز معطل

سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سسٹمز بند، شہریوں کا ڈیٹا محفوظ رہنے کا دعویٰ، تحقیقات جاری

November 29, 2026 · اہم خبریں
برطانیہ میں محکمہ پنشن پر سائبر حملے کے بعد آن لائن سروسز عارضی طور پر معطل کر دی گئیں۔

برطانیہ میں محکمہ پنشن پر سائبر حملے کے بعد آن لائن سروسز عارضی طور پر معطل کر دی گئیں۔

لندن (نیوز ڈیسک) برطانوی حکومت نے ملک کے محکمہ برائے کام اور پنشن پر سائبر حملے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے، جس کے نتیجے میں پنشن اور سرکاری فلاحی فوائد سے متعلق متعدد آن لائن خدمات عارضی طور پر معطل کرنا پڑیں۔ برطانوی میڈیا اور خبر رساں اداروں کے مطابق سائبر حملے کی یہ کوشش جمعرات کی رات سامنے آئی، جس کے بعد حکام نے فوری طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مختلف آن لائن سسٹمز کو آف لائن کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق اس سائبر حملے سے متاثر ہونے والی خدمات میں اسٹیٹ پنشن، یونیورسل کریڈٹ اور معذور افراد کے لیے مالی معاونت کی درخواستوں سے متعلق اہم پورٹلز بھی شامل ہیں۔ برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر کے ماہرین کے ساتھ مل کر اس واقعے کی جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ حملے کے محرکات اور ذرائع کا تعین کیا جا سکے۔

سرکاری ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران شہریوں کی ذاتی معلومات یا ڈیٹا چوری ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سسٹمز کو مکمل سکیورٹی یقین دہانی کے بعد ہی بحال کیا جائے گا تاکہ عوام کے حساس اعداد و شمار کو کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔