لاہور:وزیر قانون پنجاب راناثنانے کہا ہے کہ نواز شریف نے قوم کے مفاد میں بات کی۔ وہ اور شہباز شریف ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دعوے سے کہتا ہوں کہ شور شرابا 2 دن میں بیٹھ جائے گا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب راناثنا نے کہا کہ ایک جنرل نے مجاہد بنا دئیے، دوسرے نے ان ہی کو دہشت گرد بنا دیا اور پھر خون کی ندیاں بہہ گئیں۔ یہ ہتھکنڈے اب برداشت نہیں کیے جائیں گے، اگر انہیں برداشت کیا گیا تو پاکستان کو نا قابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کوئی نئی بات نہیں کی، ممبئی حملوں کے بعد رحمان ملک او ر پرویز مشرف نے بھی یہ بات کی۔رانا ثنانے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، پوری قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے۔ اوچھے ہتھکنڈوں سے نواز شریف کی مقبولیت ختم نہیں کی جا سکتی۔وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ پاکستان جھوٹ اور منافقت سے نہیں چل سکتا، اب نواز شریف نے سچ بولنے کا ارادہ کر لیا ہے۔راناثنا نے کہا کہ شہباز شریف نے نواز شریف کے بیان کی تردید نہیں کی بلکہ کہا تھا کہ نواز شریف کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے کوئی ایسی بات نہیں کی جس پر واویلا کیا جائے لیکن مخالفین سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے یہ کام کر رہے ہیں۔