لیچسٹر:پاکستانی بیٹسمینوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم انگلش کرکٹ کلب لیسٹر شائر کے خلاف 2 روزہ وارم اپ میچ کے پہلے دن9 وکٹ پر 321 رنز بنانے میں کامیاب رہی،اظہر علی اور فخر زمان کے 121رنز نے ٹیم کو مضبوط اوپنگ اسٹینڈ فراہم کیا۔تفصیلات کے مطابق لیسٹرمیں شروع ہونے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز اظہر علی اور فخر زمان نے سرفراز احمد کے اس فیصلے کو درست ثابت کیا اور پہلی وکٹ پر 121ر نز کی شراکت قائم کی۔فخر زمان نے 14 چوکوں کی مدد سے 71رنز کی اننگز کھیلی، اظہر علی نے 73رنز بنائے ، ان کی اننگز میں 13 چوکے شامل تھے۔اوپنرز کے آوٹ ہونے کے بعد نوجوان بیٹسمین عثمان صلاح الدین نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا، وہ 69رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ ہیں، کپتان سرفراز احمد اور شاداب خان 17، 17 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان کا سکور 9 وکٹ پر 321 رنز تھا، لیسٹر شائر کی جانب سے علی، جاوید، کلین اور ویلز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے دورے پر ہے جہاں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میں 24 مئی سے کھیلا جائے گا۔