لاہور کے چڑیا گھر میں مناسب انتظامات نہ ہونے پر بیرون ممالک سے درآمد کیے گئے نایاب جانوروں کی گرمی کی شدت سے اموات ہونے لگی ہیں۔ ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے نایاب نسل کا امریکن اونٹ گنیکو ہلاک ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور چڑیا گھر میں گرمی کی شدت سے باعث امریکن اونٹ گنیکو ہلاک ہو گیا ،امریکن اونٹ گنیکو ڈیڑھ ماہ قبل لاہور چڑیا گھر لایا گیا تھا جس کی مالیت 9 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
دوسری جانب چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق ٹھنڈے علاقوں سے تعلق رکھنے والے تمام جانوروں کے پنجروں میں روزانہ برف رکھی جارہی ہے جبکہ وہاں ائیر کولر بھی لگائے گئے ہیں، کھلے پنجروں میں رکھے گئے جانوروں کے احاطوں میں شاور سسٹم نصب کیا گیا ہے تاکہ جانور مصنوعی بارش میں نہاتے رہیں اوران کے احاطوں میں درجہ حرارت کو بھی کم کیا جاسکے تاہم ان اقدامات کے باوجود ایک نر گنیکو ہلاک ہوگیا ہے۔
جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے مناسب انتظامات نہیں کئے جارہے۔ جس سے چڑیا گھر کی رونقین ماند پڑ رہی ہیں۔