لیبیا کے شہر بن غازی میں بحری اڈے پر ڈرون حملے سے روسی جہاز ڈوب گیا
اہم واقعہ، 6 ڈرون حملے میں استعمال ہوئے، 10 افراد زخمی۔
بن غازی کی بندرگاہ پر حملے کے بعد روسی بحری جہاز کو پہنچنے والے نقصان کا منظر
لیبیا کے مشرقی شہر بن غازی کے بحری اڈے پر لنگر انداز روسی جنگی جہاز پر مشتبہ ڈرون حملہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی اور وہ سمندر میں ڈوب گیا۔ ذرائع ابلاغ اور ابتدائی رپورٹس کے مطابق روسی بحریہ کا یہ جہاز بن غازی کی بندرگاہ پر ایندھن اور رسد حاصل کرنے کے لیے لنگر انداز تھا۔
ابتدائی تحقیقات اور دستیاب معلومات کے مطابق حملے میں کل 6 سمندری ڈرونز کا استعمال کیا گیا، جن میں سے 4 کو فضا یا پانی میں ہی روک لیا گیا۔ 2 ڈرونز براہ راست روسی جہاز سے ٹکرا گئے۔ ٹکر کے بعد زوردار دھماکا ہوا اور جہاز میں آگ بھڑک اٹھی جسے بعد میں عملے اور حکام نے جدوجہد کے بعد بجھا دیا۔
طبّی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں روسی اور لیبیائی شہریوں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سیٹلائٹ سے موصول ہونے والی تصاویر میں بھی جہاز کا بڑا حصہ الٹا اور پانی میں ڈوبا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ متعلقہ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ سیکیورٹی خامیوں اور حملے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے جبکہ بندرگاہ پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔