مقبول امریکی گلوکار ایکس ٹینٹاسن کوقتل کردیا گیا

فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کے مقبول ریپ گلوکارایکس ٹینٹاسن کو گولیاں مارکر قتل کردیا گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق 20 سالہ گلوکار ایکس ٹینٹاسن کوایک مسلح شخص نے شوروم سے نکلتے ہوئے گولی مارکرقتل کیا تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں گاڑی میں جاتے ہوئے گولی ماری گئی۔

گولی لگنے کے فوراً بعد گلوکارکو فورٹ لارڈیل ایریا اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرزنے ان کی موت کی تصدیق کردی ۔ پولیس نے واقعے کو ڈکیتی کی واردات قراردیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت ہوا جب ٹینٹاسن اپنی کار میں جارہے تھے ۔ قتل کی اس واردات کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہے ۔

ایکس ٹینٹاسن کا اصل نام جہاسے ڈوئن اونفری تھا۔ ان کا شمارامریکا کے نامورگلوکاروں میں ہوتا تھا اور وہ اس ہفتے امریکی ٹاپ 50 چارٹ میں بھی شامل تھے۔

ان کے کئی گانے اس حد تک مقبول ہوئے تھے کہ انہیں پلاٹینم قراردیا گیا تھا جن میں ’چینجز‘، ’رول ان پیس‘ شامل ہیں۔

ٹینٹاسن امریکا کی مقبول ترین شخصیت ہونے کے علاوہ بہت سارے تنازعات کا بھی شکار تھے۔ برطانوی اخبار کے مطابق ان پرگھریلو تشدد کے بھی الزامات لگتے رہے ہیں ۔ 2016 میں انہیں اپنی حاملہ گرل فرینڈ پرتشدد کے الزام میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔