ٹکٹوں کی غیر منصفانہ بندربانٹ کیخلاف پی ٹی آئی کارکنان سراپا احتجاج

لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی لاہور میں رہائش گاہ کے باہر بہاؤ الدین سے تعلق رکھنے والے کارکنان کی جانب سے پارٹی کی غیر منصفانہ ٹکٹوں کی بندر بانٹ کے خلاف دوسرے روز بھی سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 65 منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے کارکنان پارٹی ٹکٹ کی غیرمنصفانہ تقسیم کے خلاف عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر احتجاج کر رہے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ اہل عہدیداروں کو نظرانداز کرتے ہوئے منظور نظر شخص کو حلقے سے ٹکٹ دیا گیا جو انہیں قبول نہیں۔
مظاہرین نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا کہ پی پی 65 منڈی بہاؤالدین سے ٹکٹ کا فیصلہ تبدیل کیا جائے اور طارق محمود کو ٹکٹ جاری کیا جائے۔ مظاہرین نے کہا کہ جب تک عمران خان بات نہیں سنتے ان کے گھر کے باہر ہی بیٹھے رہیں گے۔