کابل: افغانستان کے صوبہ لوگر میں طالبان نے امریکی فوجی قافلے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لوگر کے علاقے پل عالم میں خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی امریکی فوجی قافلے سے ٹکرادی۔ دھماکے میں 5 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی۔
ترجمان طالبان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں غیر ملکی جارح افواج کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 5 امریکی فوجی مارے گئے۔
افغان حکام نے واقعے کے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں 5 افراد ہلاک ہوئے جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ افغانستان میں تعینات امریکی و نیٹو افواج نے تاحال اپنے فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق امریکی فوجی قافلہ عسکریت پسندوں کے خلاف ایک آپریشن کرکے واپس اپنے بیس آرہا تھا کہ راستے میں اسے نشانہ بنایا گیا۔