نجیب رزاق پر کرپشن اسکینڈل کیس میں فرد جرم عائد

کوالالمپور: ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق پر کرپشن اسکینڈل کیس میں 3 الزامات کے تحت فرد جرم عائد کردی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے سابق وزیراعظم کو آج کوالالمپور کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران نجیب رزاق پر سرکاری فنڈ میں بے ضابطگیوں کے 3 الزامات عائد کئے گئے ہیں، تاہم سابق وزیراعظم نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
جج نے کہا کہ نجیب رزاق پر دسمبر 2014 سے مارچ 2015 کے دوران اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرنے کا الزام ہے۔ اس دوران سرکاری فنڈ سے 10 ملین ڈالر کی رقم ان کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نجیب رزاق پر عائد الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ہر الزام پر 20 ، 20 سال جیل کی سزا ہوسکتی ہے، اس کے علاوہ کوڑے مارنے کی سزا بھی مل سکتی ہے۔
خیال رہے کہ اینٹی کرپشن کمیشن نے گزشتہ روز کوالالمپور میں واقع سابق وزیراعظم نجیب رزاق کی ذاتی رہائش اہ پر چھاپہ مار کر انہیں مالی بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔