معمر خاتون نے کیئر ہوم بھیجنے کی کوشش پر بیٹے کو قتل کردیا

 

واشنگٹن: امریکی ریاست ایریزونا میں ایک 92 سالہ خاتون نے کیئر ہوم بھیجے جانے کے معاملے پر اپنے 72 سالہ بیٹے کو گولی مار کر قتل کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق واقعہ 2 جولائی کو میری کوپا کاونٹی کے علاقے فاونٹین ہلز میں پیش آیا، جہاں 92 سالہ مسز اینا مے بلیسنگ کے بیٹے نے انہیں ایک کیئر ہوم میں منتقل کرنے کی کوشش کی، جس کا موقف تھا کہ اس کا اب اپنی والدہ کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہنا مشکل ہوگیا ہے۔پولیس کے مطابق خاتون نے اپنے لباس کی جیبوں میں 2 پستول چھپائے اور اپنے بیٹے کے بیڈروم میں جاپہنچیں، جہاں بحث کے بعد انہوں نے ریوالر جیب سے باہر نکالا اور اپنے بیٹے پر فائر کردیا۔عدالتی دستاویزات کے مطابق خاتون نے فائرنگ سے قبل اپنے بیٹے سے کہا، تم نے میری زندگی لی، لہذا میں تمہاری زندگی لے رہی ہوں۔بعدازاں انہوں نے اپنے بیٹے کی 57 سالہ دوست کو بھی پستول کے نشانے پر رکھ لیا، تاہم اس نے انہیں دھکا دے کر پستول کو دور گرا دیا۔پولیس کے مطابق مقتول کی گردن اور جبڑے پر گولی کے 2 نشان پائے گئے۔دوسری جانب مسز بلیسنگ اپنے بیڈروم میں آرام کرسی پر بیٹھی ہوئی ملیں۔تفتیش کے دوران خاتون نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے خود کو بھی مارنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔