میکسیکو، آتشبازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں دھماکا۔ 24 افراد ہلاک

میکسیکو: میکسیکو میں آتشبازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں یکے بعد دیگرے دھماکوں میں 24 افراد ہلاک جبکہ 49 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق شمالی امریکی ملک میکسیکو کے قصبے تلتیپیک میں آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں دھماکوں میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ فیکٹری میں پہلے دھماکے پر ہی سیکورٹی اہلکار اور امدادی کارکن جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ فیکٹری میں آتشبازی کا سامان بنانے کے لئے موجود بارودی مواد پھٹنا سے کئی دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک جبکہ 49 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکوں کی زد میں آکر ہلاک ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار اور فائر فائٹرز بھی شامل ہیں۔
میکسیکن حکومت کے مطابق 17 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 7 افراد کی موت اسپتال میں طبی امداد دینے کے دوران ہوئی۔ امدادی کاموں میں تقریباً 300 کے قریب پولیس اہلکار اور ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں۔
میکسیکن محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ آتش بازی کا سامان بنانے کی دکان غیر قانونی طور پر بنائی گئی تھی۔ دھماکے آتش گیر مادے کے ہوا میں پھیلنے کی وجہ سے ہوئے، دھماکوں کے باعث علاقے میں 4 عمارتیں بھی تباہ ہوگئیں۔