اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ڈیمز کے لئے جمع فنڈز کسی کو کھانے نہیں دیں گے اس پر پہرا دیں گے۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان نے ایک کیس کے دوران ڈیمز کی تعمیر کے لئے فنڈز سے متعلق ریمارکس دیئے کہ ہم نے ڈیمز کے لئے فنڈز کی اپیل کر رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر کے لئے قوم کے بچے پیسے جمع کرکے دے رہے ہیں۔ ہم ڈیمز فنڈز میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں اور سپریم کورٹ کے ججز بھی فنڈز دینے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ڈیمز کے لئے جمع فنڈز کو کسی کو کھانے نہیں دیں گے۔ اس پر پہرا دیا جائے، یہ نہیں ہونے دیں گے کہ کمیشن کےلوگ ان فنڈز سے گاڑی اور گھر خرید لیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ ڈیمز سے متعلق ہر گھنٹے بعد اپ ڈیٹ کی جائے گی ہر گھنٹے ویب سائٹ اپ ڈیٹ ہونے سے پتا چلتا رہے گا کہ کتنے پیسے جمع ہوئے۔ اسٹیٹ بینک کو بھی اپنی ویب سائٹ پر یہ معاملہ اٹھانے کا کہا ہے۔