لاہور:مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف،مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدرکی سزاؤں کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج اس قوم کےسپوت کوسزا سنا گئی جنہوں نے اس ملک کی بے پناہ خدمت کی،آج کا فیصلہ زیادتی پر مبنی ہےاوریہ بتانے کیلئےمیں پاکستان کےکونےکونے میں جاؤں گا اورجاکر اس زیادتی اور ناانصافی سے عوام کو آگاہ کروں گا۔
عدالتی فیصلے کے بعد پریس کانفرنس کرتےہوئےشہبازشریف نے کہا کہ پاناما،ایون فیلڈ اور آف شور کمپنیوں میں نوازشریف کا نام نہیں، مقدمے میں کوئی ٹھوس قانونی دستاویز مہیا نہیں کی گئی،فیصلے میں بہت قانونی خامیاں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ بات دنیا جانتی ہے کہ نواز شریف وہ شخص ہیں جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی ملک بنایا اور ایٹمی قوت بناتے وقت خارجی دباؤ، لالچ اور دھمکیوں کو ٹھکرایا، عوام کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہاکہ جنہوں نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا،اربوں کھربوں سمیٹ کر لے گئے،ان کے بارے میں نیب نے کیا فیصلے کئے؟ نیب کورٹ نے ایسی شخصیت کے حوالے سے فیصلہ دیا جن کے بارے میں نیب کورٹ نے کہا کہ چونکہ اصل ڈاکومنٹ موجود نہیں لہذا فوٹو کاپیوں کی بنیاد پر کیس کو خارج کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کے حصول کے لیے تمام آئینی و قانون راستے اختیار کریں گے، مسلم لیگ کے امیدوار بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے اور انتخابی جلسوں کو پرامن احتجاج کا ذریعہ بنائیں گے تاکہ پوری قوم اور دنیا کو پتہ چلے کہ انصاف کا پیمانہ یہی ہے کہ ’کسی کے لیے تگڑی کا تول اور کسی کے لیے اور ہے‘۔
ان کا کہنا ہے کہ انصاف وہی ہوتا ہے جس کی پوری دنیا تائید کرے لیکن جہاں پسند نا پسند ہے تو اس کو انصاف کا نام نہیں دیا جاسکتا، قوم کو پارٹی کے کارکنوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اس فیصلے سے مایوس نہ ہوں۔
صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لیے برابر ہوتا ہے لیکن اس فیصلے کی ٹائمنگ انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے اس ملک کی رقوم لوٹی ہیں انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، ہم الیکشن لڑیں گے اور جہاں جہاں زیادتی ہوگی ہم قوم کو بتائیں گے تاکہ کوئی یہ نا کہہ سکے کہ وقت پر بتایا نہیں۔