خاتون حریت رہنما عائشہ اندرابی سری نگر سے نئی دلی جیل منتقل

سری نگر: تحریک آزادی کشمیر کی متحرک رہنما عائشہ اندرابی کو دیگر 2 خواتین رہنماؤں کے ہمراہ سری نگر سے نئی دلی جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

کشمیرمیڈیا سیل کے مطابق سری نگر جیل میں قید دختران ملت کی چیئرپرسن اورتحریک آزادی کشمیر کی متحرک رہنما عائشہ اندرابی کو اُن کی دیگر دو خاتون ساتھیوں ناہید نسرین اور فہمیدہ صوفی کو بھارت کے قومی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے اہلکار اپنے ہمراہ نئی دلی لے گئے جہاں تینوں خاتون رہنماؤں کو نئی دلی جیل میں رکھا جائے گا۔

بھارت کے تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے حریت پسند رہنما عائشہ اندرابی کے خلاف رواں سال 26 اپریل کو ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ ایف آئی آر میں بھارتی تحقیقاتی ادارے نے خاتون رہنماؤں پر بھارت کے خلاف عوامی جذبات بھڑکانے اورملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی دفعات عائد کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں 23 مارچ 2018 کو یوم پاکستان کے موقع پرپاکستان کا پرچم لہرانے پرعائشہ اندرابی سمیت دیگر خواتین کو کٹھ پتلی انتظامیہ کے حکم پر سری نگر پولیس نے گرفتار کیا تھا۔