اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سزا کے بعد نااہل قرار دیئے جانے والی سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کےنام امیدواروں کی حتمی فہرست سے نکالنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے حلقوں سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی روکنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ این اے 127 اور این اے 14 کے بیلٹ پیپرز تاحکم ثانی نہ چھاپے جائیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں حلقوں کے بیلٹ پیپرز عدالتی حکم نامہ موصول ہونے کے بعد چھپوائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ مریم نواز این اے 127 (لاہور) اور کیپٹن (ر) صفدر این اے 14 (مانسہرہ) سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار تھے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے کے بعد نااہل قرار دی جانے والی سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جگہ متبادل امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیئے۔
مریم نواز قومی اسمبلی کے حلقے این اے 127 اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 173 سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار تھیں۔
تاہم احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد علی پرویز ملک کو این اے 127 (لاہور) سے ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔
پی پی 173 سے مسلم لیگ (ن) نے عرفان شفیع کھوکھر کو ٹکٹ جاری کیا۔
علی پرویز ملک اور عرفان شفیع کھوکھر انتخابی نشان شیر الاٹ کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواست دیں گے۔