کراچی :پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی پر 300بلین خرچ کئے لیکن 3روپے کی کرپشن نہیں کی ،مہاجروں کو پٹھانوں سے لڑانے والوں نے اے این پی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلی ہے۔
ڈیفنس میں ’الیکشن 2018ء ڈائیلا گ‘ کے عنوان سے منعقدہ سیشن سے خطاب میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج کے میئر کے پاس اختیار نہیں تو وہ استعفیٰ کیوں نہیں دیتے ؟انہوں نے کہا کہ میںنے کراچی پر 300ارب روپے خرچ کئے لیکن 3روپے کی کرپشن نہیں کی ،ایک سیاسی جماعت سندھ کی حکمراں تھی ،ایک کے پاس شہر کی بلدیاتی حکومت ہے، پانی ہونے کے باوجود شہریوں کو پانی نہیں ملا۔
مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ کراچی کو غیر ملکی قوتوں نے برباد کیا،ان قوتوں نے اپنی فوج نہیں اتاری، ان کی مدد فالٹ لائن نے کی۔یہ شہر مسلکی فالٹ لائن ، سیاسی فالٹ لائن اور قومیت کی فالٹ لائن پر کھڑا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مہاجروں کو پٹھانوں سے لڑانے والوں نے اے این پی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلی لیکن یہ 25 جولائی تک ہوگی ، 26 سے پھر جاگ مہاجر جاگ اور جاگ پختون جاگ کا نعرہ لگایا جائے گا۔