زمبابوے کے شہر ہرارے میں کھیلے جارہے سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا ہے۔
آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز ڈارسی شارٹ اور ایرون فنچ نے کیا، دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 95 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔
ایرون فنچ نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 27 گیندوں پر 47 رنز بنائے تاہم وہ شاداب خان کی گیند پر صاحبزادہ فرحان کو کیچ دے بیٹھے، ڈارسی شارٹ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 76 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے۔
اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کا کوئی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہ کھڑا رہ سکا تاہم مقررہ اوورز میں آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
فاسٹ بولر محمد عامر نے 3، شاداب خان 2، فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔