توہین عدالت کیس۔طلال کی الیکشن کے بعد سماعت کرنے کی استدعا مسترد

سپریم کورٹ آف پاکستان میں طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران طلال چوہدری کے وکیل کامران مرتضیٰ نے انتخابات کے بعد تک کیس ملتوی کرنے کی استدعا کی، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران آج بھی عدالت میں طلال چوہدری کی جانب سے گواہان پیش نہ ہوسکے۔
واضح رہے کہ عدالت نے طلال چوہدری کو گواہ پیش کرنے کا آخری موقع دیا تھا۔
گواہوں کے پیش نہ ہونے پر جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ ٹھیک ہے آپ کے گواہ نہیں آتے، اب آپ حتمی دلائل دیں۔
اس کے ساتھ ہی عدالت نےگواہان کے بیانات قلمبند کروانے کا آپشن ختم کردیا۔
سماعت کے دوران طلال چوہدری کے وکیل کامران مرتضیٰ نے انتخابات کے بعد تک کیس ملتوی کرنے کی استدعا کی، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیئے کہ بدھ (11 جولائی) کو کامران مرتضیٰ کیس میں حتمی دلائل دیں گے، جس کے بعد سماعت ملتوی کردی گئی۔