اسلام آباد: ایف بی آر کے مطابق حکومت کی طرف سے دی گئی ایمنسٹی اسکیم میں بیرون ملک جائیدادیں ظاہر نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اعلامیے کےمطابق برطانیہ میں پاکستانیوں کی غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات مل گئیں جو برطانیہ کی ٹیکس اتھارٹی کے تعاون سے حاصل کی گئیں جب کہ جائیدادوں کے مالکان کے خلاف کارروائی کے لیے معلومات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
ایف بی آر ذائع کا بتانا ہےکہ برطانیہ میں جائیداد رکھنے والوں میں سیاستدان، کاروباری شخصیات اور بیورو کریٹس بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ بیرون ملک جائیدادوں کی معلومات تک رسائی کے معاہدے (او ای سی ڈی) کے تحت 101 ممالک معلومات فراہم کرنے کے پابند ہیں اور معاہدے پر مکمل عملدرآمد یکم ستمبر سے ہوگا۔