سوڈان میں بازار پر ڈرون حملہ، ہلاکتوں کی تعداد 153 ہوگئی
سوڈان میں ڈرون حملوں سے ہلاکتوں میں اضافہ، متنازع علاقے میں شہریوں کی بڑی تعداد نشانہ بن گئی
October 21, 2026 · بام دنیا
سوڈان میں بازار پر ڈرون حملہ، 53 افراد ہلاک
سوڈان اور جنوبی سوڈان کے درمیان متنازع علاقے ابیئی میں امیت مارکیٹ پر ڈرون حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 153 ہوگئی، جبکہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز اور مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو ہونے والے حملے میں مارکیٹ کے قریب واقع ایندھن کے ڈپو کو بھی نقصان پہنچا، جس کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ مقامی حکام نے حملے کی ذمہ داری سوڈانی فوج پر عائد کی ہے، تاہم اس الزام کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
مقامی حکام کے مطابق حملے میں خواتین، بچوں اور دیگر شہریوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ مارے گئے۔ ابیئی انتظامیہ کے قائم مقام وزیر اطلاعات یوہانا اکول نگور نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 153 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ بعض افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
اقوام متحدہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہریوں کی سلامتی اور ڈرون حملوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امدادی ادارے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں، جن میں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
دوسری جانب جنوبی سوڈان کی وزارت خارجہ نے واقعے پر سوڈانی سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ حکام کے مطابق مارکیٹ کے مختلف حصوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ یہ بازار ان علاقوں تک اشیائے ضروریہ پہنچانے کے لیے اہم ہے جہاں نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کا کنٹرول ہے۔
سوڈان اپریل 2023 سے سرکاری فوج اور نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جاری جنگ کی لپیٹ میں ہے۔ حالیہ دنوں میں مختلف علاقوں میں ہونے والے دیگر حملوں کے باعث بھی ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ مجموعی طور پر حالیہ حملوں میں 250 سے زائد افراد کی ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ابیئی ایک متنازع خطہ ہے جس پر سوڈان اور جنوبی سوڈان دونوں ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں۔ جنوبی سوڈان 2011 میں سوڈان سے الگ ہوکر آزاد ملک بنا تھا۔ علاقے میں جاری کشیدگی اور حالیہ حملوں نے شہریوں کی سلامتی سے متعلق خدشات مزید بڑھا دیے ہیں۔