راولپنڈی : مسلم لیگ ن کی خاتون رہنما مریم اورنگزیب ریلی کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچ گئیں۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران جذباتی انداز میں نعرے بازی کرتی رہیں ۔
اڈیالہ جیل کے سامنے پہنچ کر پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف سے یکجہتی کرنے اڈیالہ جیل آئے ہیں ، وہ ہمارے قائد ہیں جنہوں نے ملک کو ترقی دی ، پاکستان میں سی پیک جیسا منصوبہ لے کر آئے، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا ، دہشت گردی کا خاتمہ کیا ،ووٹ کی عزت کی خاطرپاکستان واپس آئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کا فیصلہ خود کرپشن کو مسترد کرتا ہے لیکن اس نام نہاد کرپشن میں معاونت پرمریم نواز کو7 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
اس دوران مریم اورنگزیب نے جذباتی اندازمیں نعرے بازی شروع کردی ”ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے“ ، ”ووٹ کو عزت دو۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا وزیراعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا ، 25جولائی کی شام کو عمران خان ہاتھوں پرکالی پٹیاں باندھ کر پھرے گا کیونکہ عوام شیرپرمہر لگائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف ہمارے دلوں میں رہتے ہیں اورہم سب نواز شریف اوران کی بیٹی کے بیانیے پرقائم ہیں ۔