بیلجیم کی ماسٹرز ہاکی ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی، 6 نیشن ٹورنامنٹ میں شرکت متوقع
نعیم خان کو بیلجیم ماسٹرز ہاکی ٹیم کے ساتھ اہم ذمہ داری سونپنے کی پیشکش
بیلجیم کی ماسٹرز ہاکی ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی، 6 نیشن ٹورنامنٹ میں شرکت متوقع
بیلجیم کی ماسٹرز ہاکی ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی، جہاں ٹیم کی 6 نیشن ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت متوقع ہے۔ مجوزہ دورے کو پاکستان اور بیلجیم کے درمیان کھیلوں کے فروغ اور باہمی تعلقات کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
بیلجیم ماسٹرز ہاکی ٹیم کے آرگنائزر مارٹن فلپس نے پاکستانی نژاد یورپیئن چیمپئن ہاکی کوچ اور ٹیکنیکل ڈائریکٹر نعیم خان سے اہم ملاقات کی، جس میں دورۂ پاکستان، ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت اور دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نعیم خان نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کھیلوں کے ذریعے پاکستان اور بیلجیم کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ انہیں بیلجیم کی ماسٹرز ہاکی ٹیم کے ساتھ اہم ذمہ داری سونپنے کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔
نعیم خان، جو رائل ریپڈ فلیندرز بیلجیم کے منیجر اور ہاکی کوچ بھی ہیں، کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی دنیا بھر میں اپنے ملک کے سفیر کا کردار ادا کررہے ہیں۔ وہ دوسرے ممالک میں پاکستان کی ثقافت، خوبصورتی، مہمان نوازی اور کھیلوں کے شاندار ماضی کو متعارف کرانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہو۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں، منتظمین اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات کی پاکستان آمد خوش آئند ہے۔ ایسے دوروں سے نہ صرف پاکستان کا سافٹ امیج بہتر ہوتا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے فروغ اور دوستانہ تعلقات کی نئی راہیں بھی کھلتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیلجیم کی ماسٹرز ہاکی ٹیم کا پاکستان آنا محض کھیلوں کا دورہ نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی، اعتماد اور عوامی روابط مضبوط بنانے کا موقع ہے۔
نعیم خان نے ہاکی کو بچوں کی صحت اور جسمانی نشوونما کے لیے بھی مفید کھیل قرار دیتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہاکی کو اپنائیں اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان اور بیلجیم کا نام روشن کریں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ہاکی کے شاندار ماضی کو دوبارہ زندہ کرنے اور قومی کھیل کو عالمی سطح پر اس کا کھویا ہوا مقام دلانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
پاکستانی حلقوں نے مجوزہ دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں، ثقافت اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔