اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رضا ربانی نے کہاکہ الیکشن میں پیپلزپارٹی کی قیادت کو قدم قدم پر روکا جارہا ہے، جب کہ کالعدم تنظیموں کو کھلی اجازت ہے، الیکشن کمیشن نے فیض آباد دھرنے والوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت کیسے دی اور کالعدم تنظیموں کا نام شیڈول سے کیوں نکالا؟۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سیاست دانوں کی جان کو خطرے سے متعلق صوبائی حکومت کو خط لکھا اور چپ ہوگیا، جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھی خاموش ہو گئیں بلکہ ساری توجہ سیاسی قائدین کی گرفتاری اور کنٹینرز لگانے پر ہے۔
انہوں نے کہاکہ نیکٹا کی رپورٹ کے مطابق چھ سیاسی جماعتوں کے سربراہان کی جان کو خطرہ ہے، کوئٹہ میں دو سو سے زائد افراد شہید اور زخمی ہوئے، اتنا کچھ ہوا لیکن آج اس ایوان میں وزیر داخلہ نہیں آئے۔