فریال تالپور کی 6 روزہ ضمانت قبل ازگرفتاری منظور

لاڑکانہ: سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیراہ فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں 6 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ارشاد احمد شاہ اور جسٹس رشید سومرو پر مشتمل بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔
ایف آئی اے نے عدالت سے در خواست کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ حسین لوائی اور دیگر ملزمان نے 3 بینکوں کے 29 جعلی اکائونٹس کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی اورکراچی کی عدالت میں حسین لوائی اور دیگر کےخلاف مقدمے کا چالان پیش کیا گیا جس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو مفرور ملزم قرار دیا گیا۔ مفرور افراد کی فہرست میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن کا نام 19 ویں اور 20 ویں نمبر پر ہے۔
جس پر فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے درخواست ضمانت دائر کی۔
فریال تالپور نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ ایف آئی اے نےسیاسی مقدمات درج کئے اور اس کا مقصد انتخابات میں حصہ لینے سے روکنا ہے۔
عدالت عالیہ کے بینچ نے پیپلزپارٹی کی رہنما کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی 6 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
واضح رہے کہ حسین لوائی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سابق چیئرمین ہیں اور آصف علی زرداری کے قریبی دوست بھی ان سمیت 20 ملزمان پر 35 ارب روپے منی لانڈرنگ کا الزام ہے