لندن:القاعدہ کے سربراہ اُسامہ بن لادن کے بیٹے ’حمزہ بن لادن‘ نے نائن الیون حملے کے ہائی جیکر کی بیٹی سے شادی کرلی ہے۔
برطانوی اخبار’دی گارجیئن‘ کی رپورٹ کے مطابق2001 میں نائن الیون پر ہونے والے حملےکے ماسٹر مائنڈ محمد عطاء کی بیٹی سے القاعدہ کے سربراہ اُسامہ بن لادن کے 29 سالہ بیٹے حمزہ بن لادن نے شادی کر لی ہے۔
اس بات کی تصدیق اُسامہ بن لادن کے سوتیلے بھائی ’احمد اور حسن العطاس‘ نے کی ہے، انہوں نے برطانوی اخبار ’دی گارجیئن‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ حمزہ بن لادن القاعدہ کے ایک اہم عہدے پر فائز ہیں انہوں نے اس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ وہ امریکا سے اپنے والدکے قتل کا بدلہ لینا چاہتے ہیں۔ جنہیں امریکی اہلکاروں نے خفیہ آپریشن کے دوران پاکستان میں 2 مئی 2011 کو ہلاک کردیا تھا۔
اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ حمزہ، اُسامہ بن لادن اور ان کی تیسری اہلیہ خیریہ صابر کے بیٹے ہیں، اُسامہ کے قتل کے وقت وہ ان کے ساتھ ایبٹ آباد کے اسی کمپاؤنڈ میں مقیم تھیں جہاں امریکی اہلکاروں کی جانب سے خفیہ آپریشن کیا گیا تھا۔
احمد اور حسن العطاس کے مطابق اُسامہ کا ایک بیٹا خالد ایبٹ آبادمیں امریکی اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاک ہوگیاتھا جبکہ ان کا دوسرا بیٹا سعد 2009 میں افغانستان میں ڈرون حملے میں ہلاک ہوا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حمزہ اپنے والد کے مشن کے تکمیل اور قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں۔
اُسامہ کے سوتیلے بھائی احمد العطاس نےبتایا کہ انہوں نے حمزہ کی محمد عطاء کی بیٹی سے شادی کی خبر سنی ہے لیکن وہ کچھ نہیں جانتے کہ وہ اس وقت کس ملک میں مقیم ہیں، ہوسکتا ہے وہ اس وقت افغانستان میں ہوں۔