حسن اورحسین نواز کے نام بلیک لسٹ میں شامل

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے نام بلیک لسٹ میں شامل کرکے پاسپورٹ بھی بلاک کردیئے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے حسن اور حسین نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے درخواست دے رکھی ہے جس پر نگراں کابینہ نے فی الحال کوئی فیصلہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈائریکٹوریٹ کو درخواست دی تھی جس میں حسن اور حسین نواز کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرکے ان کا پاسپورٹ بلاک کرنے کا کہا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق نیب کی درخواست پر حسن اور حسین نواز کا نام بلیک لسٹ میں شامل کردیا گیا ہے جبکہ ان کے پاسپورٹ بھی بلاک کردیئے گئے ہیں۔ جس کے بعد دونوں پاکستان پاسپورٹ پر دنیا میں کہیں بھی سفر نہیں کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں بار بار طلب کئے جانے کے باوجود عدم پیشی پر حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دے کر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ وارنٹ گرفتاری بھی جاری کررکھے ہیں جبکہ ایف آئی اے نے بھی دونوں کو وطن واپس لانے کے لئے انٹرپول کو خط بھی لکھا ہوا ہے۔