اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد قیصر اور پرویز خٹک نے صوبائی اسمبلی کی نشستیں چھوڑ دی ہیں۔
اسد قیصراورپرویز خٹک قومی اسمبلی کی نشستوں کے ساتھ ساتھ صوبائی اسمبلی کی نشستیں بھی جیتے ہیں ، اسد قیصر قومی اسمبلی کے حلقے این اے 18 اور پی کے 44 جبکہ پرویزخٹک نے این اے 25 اورپی کے61 اور پی کے 64 سے کامیابی حاصل کی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے اسد قیصرکو اسپیکرقومی اسمبلی نامزد کیا گیا ہے، وہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ دورحکومت میں صوبائی اسمبلی کے اسپیکر تھے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک کو وفاقی وزیرداخلہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب عمران خان کے قریبی ساتھی عاطف خان نے خیبرپختونخوا میں محمود خان کی بطوروزیراعلیٰ نامزدگی کا عمران خان کا فیصلہ تسلیم کرلیا ہے۔
عاطف خان کے قریبی رشتے دار اورسابق سینئر وزیرشہرام ترکئی نے کہا ہے کہ عمران خان اورمحمود خان سے کل میری اورعاطف خان کی ملاقات ہوئی ہے، ہماری پرویز خٹک سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور محمود خان کو بتاچکے ہیں کہ ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے، وزارت اعلیٰ کے معاملے پر عمران خان کا ہر فیصلہ قبول کریں گے، پارٹی میں گروپ بندیوں کے قائل نہیں ، ہم پر واضح کیا گیا کہ محمود خان عمران خان کا امیدوارہے کسی اورکا نہیں، معاملات طے ہوچکے جس نے وفاق میں جانا تھا چلاگیا۔
شہرام ترکئی کا کہنا تھاکہ پرویزخٹک کے ساتھ پانچ سال ڈٹ کرکام کیا ہے، ثابت کیا کہ ہم کام کرنے والے لوگ ہیں۔