عیسائی پیشواپوپ فرانسس کی زیادتی کے شکار بچوں سے ملاقات

ویٹی کن سٹی:کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے دورہ آئر لینڈ میں پادریوں کی جانب سے زیادتی کے شکار متاثرین سے ملاقات کی ۔
ڈبلن میں پوپ فرانسس کے اعزاز میں استقبالیے کا اہتمام کیا گیا جس میں آئرش وزیراعظم اور استحصال کے شکار بعض افراد نے بھی شرکت کی ۔ویٹی کن ترجمان کے مطابق پوپ فرانسس کی ڈبلن میں زیادتی کے شکار افراد سے ملاقات تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی ۔
اس موقع پر پوپ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرجا گھروں میں بچوں سے زیادتی کے واقعات شرم ناک ہیں ، یہ مکروہ اور نفرت آمیز جرم ہےاور چرچ کی انتظامیہ اس جرم کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔
پوپ کے دورہ کے موقع پر زیادتی کے واقعات کے خلاف ڈبلن میں بعض مقامات پر مظاہرے بھی کیے گئے ، بعض مظاہرین نے گلے میں بچوں کے جوتے بھی لٹکا رکھے تھے ۔
مظاہرین نے استحصال کے شکار افراد سے یک جہتی کا اظہار کیا اور ویٹی کن سے مطالبہ کیا کہ زیادتی میں ملوث پادریوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔