50لاکھ گھروں کا منصوبہ عمران خان کے سامنے رکھ دیا:انیل مسرت

 

لندن :پاکستانی نژاد برطانوی شہری انیل مسرت نے کہاہے کہ پاکستان میں 50لاکھ گھر بنانے کے حوالے سے اپنا پلان وزیر اعظم عمران خان کے سامنے رکھا ہے اور وزیر اعظم نے اس سے اتفاق بھی کرلیاہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انیل مسرت نے کہا کہ میں نے مکانات کی تعمیر کے حوالے سے پورا پلان وزیر اعظم عمران خان کے سامنے رکھاہے اور عمران خان اس سے اتفاق کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں 50لاکھ گھر بنانے کیلئے قائم کردہ عمران خان کی ٹاسک فورس میں ایڈوائزر کا کردار ادا کروں گا اور اس کا کوئی معاوضہ نہیں لوں گا ۔ انیل مسرت کا کہنا تھا کہ اس عمل سے پاکستان میں رئیل اسٹیٹ کے کاروبار پر چند لوگوں کی اجارہ دار ی ختم ہوجائیگی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گھروں کی تعمیر سے 60لاکھ نوکریاں بھی پیدا کی جائیں گی ۔

واضح رہے کہ انیل مسر ت برطانیہ کے ایک بہت بڑے پراپرٹی ٹائیکون ہیں ۔ یہ ایک بہت بڑی شخصیت ہیں ۔ ان کی بیٹی کی شادی میں عمران خان بھی تشریف لے گئے تھے ۔ انہوں نے برطانیہ میں1992میں پراپرٹی کاروبار شر وع کیا اور چھوٹے چھوٹے گھر بنانا شروع کیے اور اس کے بعد یہ کمرشل کاروبار میں چلے گئے ۔ ان کی پراپرٹی کا کاروبار بہت بڑاہے ۔ انہوں نے 4 سے6 بلین پاؤنڈ زکے درمیان تعمیرات کی ہیں۔ مسرت انیل 2004سے عمران خان کو جانتے ہیں اور ان کے لئے فنڈریزنگ بھی کرتے رہیں ہیں۔ ان کے شہبازشریف اور دیگر سیاسی شخصیات کے ساتھ بھی تعلقات رہے ہیں۔