عمران خان سرکار معیشت کا بیڑا غرق کردے گی :مولا بخش چانڈیو

 

کراچی: پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے ایک ماہ میں ہی عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں،حکومت کی عوام دشمنی پہلے ماہ میں ہی کھل کر سامنے آچکی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق رہنما پیپلزپارٹی مولابخش چانڈیو نے منی بجٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو سبز باغ دکھانے والوں نے آتے ہی ہاتھ کھڑے کردیے ہیں، ایک طرف مہنگائی کی جا رہی ہے تو دوسری طرف ترقیاتی بجٹ کم کیا گیا ہے،نواز شریف حکومت نے معیشت تباہ کی اور اب عمران خان سرکار معیشت کا بیڑا غرق کردے گی کیونکہ موجودہ سرکار کی کوئی معاشی پالیسی ہے اور نہ داخلہ وخارجہ پالیسی۔

مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ حکومت کی عوام دشمنی پہلے ماہ میں ہی کھل کر سامنے آچکی ہے، ایک طرف عوام دشمن اقدامات تو دوسری طرف وفاق کو کمزور کرنے کے اعلانات ہو رہے ہیں، غریب عوام پر بوجھ ڈال کر کہتے ہیں کہ عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جا رہا بتایا جائے کہ گیس کی قیمت بڑھنے کا بوجھ عوام پر کیسے نہیں پڑے گا، بھینسوں اور گاڑیوں کی نیلامی کا ڈرامہ اور سادگی کی شوبازی سے ملک نہیں چلا کرتے،حکومت ہوش کی ناخن لےاور عوام اور وفاق دشمن اقدامات کی مزاحمت کریں گے۔