اسحاق ڈار نے پاکستان کی ڈوبتی اقتصادیات کو مضبوط بنایا،پرویز رشید

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی خدمت کی ہےجن کی خدمات کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔

انہوں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا،اگر پی ٹی آئی والے اسحاق ڈار کی معیشت کے لیے خدمات لاقانونیت سمجھتے ہیں تو انہیں قانونیت اور لاقانونیت کا فرق معلوم نہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی ڈوبتی اقتصادیات کو مضبوط بنایا، ان کے دور میں اسٹاک ایکسچینج 50 ہزار پوائنٹس عبور کر گئی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں جی ڈی پی کی شرح 5.8 سے بھی نیچے چلی گئی ہے، حکومت کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر ختم ہو چکے ہیں،ا سٹاک مارکیٹ کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے، اسحاق ڈار کے زمانے میں لوگوں کو سستی بجلی اور سستی گیس ملتی تھی جبکہ اس حکومت نے بجلی اور گیس مہنگی کر دی ہے۔