شہباز شریف کی گرفتاری نہ صرف افسوسناک بلکہ مضحکہ خیز ہے،نواز شریف

لاہور:سابق وزیراعلیٰ پنجاب اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ ن سمیت دیگر پارٹی رہنمائوں کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آرہاہے تاہم اب مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل دیتےہوئے کہاہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ مضحکہ خیز بھی ہے۔
انہوںنے کہاکہ حکومت جو سلوک مخالفین ساتھ روا رکھے گی کل انہیں بھی اس کے لئے تیار رہنا چاہیے۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ حکومت اپنی نااہلی کا ملبہ شہباز شریف پر نہ ڈالے۔
وزیر اعلیٰ کے طور پر شہباز شریف نے خدمت، امانت و دیانت کی شاندار مثال قائم کی، پاکستان کے عوام، غیر ملکی حکومتوں اور عالمی اداروں نے شہباز شریف کی خدمات کا اعتراف کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی حکومت اس بدترین انتقام کی ذمہ دار ہے اور آج جو سلوک وہ مخالفین کے ساتھ روا رکھیں گے کل اس کے لئے انہیں بھی تیار رہنا چاہئیے، یہی نظام قدرت ہے۔