’نئے پاکستان کا جھانسا دے کر جذبات سے کھیلا گیا‘سعدرفیق

لاہور:مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے نئے پاکستان کا جھانسا دے کر لوگوں کے جذبات سے کھیلا گیا، نئے پاکستان میں بجلی، گیس، دالیں، چاول، چینی اور موٹرسائیکل کا چالان بھی مہنگا ہوگیا ہے۔
لاہور کے حلقہ این اے 131 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان نے جو وعدے کیے تھے، اس میں سے کوئی بات پوری نہیں کی، 14 اکتوبر کے الیکشن میں عمران خان نے پارٹی کا ٹکٹ ایک لوٹے کو دے دیا ہے۔
سعد رفیق نے مزید کہا کہ ہمیں جیلوں میں ڈالنے کا شوق ہے تو ڈالو ، نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کو جیلوں میں ڈال دیا لیکن ثبوت کوئی نہیں ہے ، ہم اگر اپوزیشن کرنے پر آئے تو تم کو بہت تنگ کریں گے۔