اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت انرجی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے، جس میں ایک فیصلہ بجلی چوروں کیخلاف فوری طور پر کریک ڈاؤن کرنے کا بھی شامل ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ بجلی چوری کے خلاف تمام صوبوں کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، ضلعی سطح پر ڈی سی اوز بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کی نگرانی کریں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم نےٹرانسفارمرز مسائل کے حل ،پاور ڈویژن کو معیاری ٹرانسفارمرز کی دستیابی یقینی بنانے اور مختلف کمپنیوں کی شمولیت کیلئے پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت تیز کرنے کیلئے سیسمک سروے او جی ڈی سی ایل سے کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں ملک میں تیل اور گیس کی دریافت و پیداوار پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔بریفنگ میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ شیل گیس کے موجود ذخائر میں پاکستان دنیا بھر میں 9 ویں نمبر پر ہے لیکن ان ذخائر کو بروئےکار لانے پر ماضی میں کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
بریفنگ کے مطابق ساڑھے 5 سالوں میں تیل و گیس کی دریافت کیلئے ایک بلاک بھی ایوارڈ نہیں ہوا، مزید 30 بلاکس ایوارڈ کرنے کے سلسلے میں اقدامات کیے جائیں گے۔