آرمی چیف اورآذربائیجان کےچیف آف اسٹیٹ بارڈرسروس کی ملاقات

راولپنڈی: آرمی چیف اور آذر بائیجان کے چیف آف اسٹیٹ بارڈر سروس کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات جنرل ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور آذربائیجان کے چیف آف اسٹیٹ بارڈر سروس کی ملاقات میں باہمی، پیشہ ورانہ امور اور علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آذربائیجان کے چیف آف اسٹیٹ بارڈر سروس نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا۔
قبل ازیں آذربائیجان کے چیف آف اسٹیٹ بارڈر سروس نے جنرل ہیڈکوارٹر پہنچنے پر یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول بھی رکھے۔