دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کےہاتھوں نیوزی لینڈ کو شکست

دبئی: یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ کے نتیجے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دبئی ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دے دی جس کے بعد تین میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے چوتھے روز کیویز ٹیم 312 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی، یاسر شاہ نے ایک مرتبہ پھر تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔
لیگ اسپنر یاسر شاہ نے مجموعی طور پر میچ میں 14 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اور اس طرح انہوں نے ایک میچ میں 14 وکٹیں لینے کا عمران خان کا ریکارڈ برابر کردیا۔
میچ میں حسن علی نے بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ بلال آصف ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو روس ٹیلر 49 اور ٹام لیتھم 44 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے مجموعی اسکور 146 تک پہنچایا تو لیتھم 50 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ٹیلر بھی 82 رنز بنا کر بلال آصف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ہنری نکلز 77، واٹلنگ 27، گرینڈ ہوم 14، نیل واگنر 10، ایش سودھی 2 اور ٹرینٹ بولٹ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔
یاسر شاہ نے میچ میں 184 رنز کے عوض 14 وکٹیں حاصل کیں اور اس کارکردگی پر انہیں ‘مین آف دی میچ’ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
گزشتہ روز یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ کے بدولت کیویز ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد کپتان سرفراز احمد نے فالو آن کرایا تو پاکستان کو مہمان ٹیم پر 328 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں حارث سہیل کے 147 رنز اور بابراعظم کی 127 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 418 رنز بنا کر اننگز ڈکلئیر کی۔اظہر علی 81، اسد شفیق 12 جب کہ محمد حفیظ اور امام الحق 9،9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
لیگ اسپنر یاسر شاہ ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں کم رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے پاکستانی بولر بھی بن گئے، اس سے قبل عبدالقادر اور سرفراز نواز نے 9،9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔اپنے کیرئیر میں ایک اننگز میں 10 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ یاسر شاہ نے تیسری مرتبہ انجام دیا۔