طیارے میں بھارتی شہری کے برہنہ ہونے کا الزام بھی پاکستان پر

نئی دہلی :بھارتی طیارے میں بھارتی شہری کے برہنہ ہونے کا الزام بھی پاکستان پرلگادیاگیا، دبئی میں کام چھوڑکربھارت جانے والے شخص نے دبئی میں ساتھ کام کرنے والے پاکستانی ساتھیوں پرنارواسلوک کاالزام لگادیااوراحتجاجاًایئرانڈیا کی فلائٹ میں برہنہ ہوگیا۔ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایک بھارتی شہری دبئی سے لکھنوجانےوالی ایئرانڈیا کی پرواز میں اچانک ننگا ہوکر گھومنے لگاجسے مسافروں کی چیخ وپکار پر عملے نے پکڑکرکمبل میں لپیٹ دیا۔
تمام صورتحال دیکھنے والے مسافر نے بتایا کہ جیسے ہی جہاز کے عملے نے اس مسافر کو طیارے میں برہنہ حالت میں گھومتے دیکھاتو فوراًاسے پکڑا اور کمبل میں لپیٹ دیا، برہنہ شخص نے کمبل میں لپیٹے جانے پر احتجاج اور شدید مزاحمت کی لیکن عملے نے اسے قابو کرلیا۔
ہندوستان ٹائمز کی اسٹوری کے مطابق لکھنومیں ایئرانڈیا کے انچارج شکیل احمد نے کہا کہ حراست میں لئے جانے کے بعداس شخص نے بتایاکہ دبئی میں اسے اس کے ساتھ کام کرنے والے پاکستانی ساتھی ہراساں کرتے اور تشدد کا نشانہ بناکر واپس جانے کیلئے دبائو ڈالتے تھے کیونکہ وہ اکیلاہندوستانی تھا اور باقی سب پاکستانی تھے جس پر اس نے اپنی ملازمت سے انتہائی مایوسی میں استعفی دیا اور واپس آنے کافیصلہ کیا۔
شکیل احمد نے بتایا کہ متعلقہ حکام کی جانب سے حراست میں لئے جانے کے بعداس شخص نے اپنے اقدام پرمعافی مانگ لی جبکہ اس کے خاندان کی جانب سے اس کے بیان کی تصدیق کے بعد اسے چھوڑدیاگیا۔