کراچی میں سال نو پر دو دن کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ انتظامیہ اور پولیس کے مطابق دفعہ 144 کے تحت 31 دسمبر اور یکم جنوری کو ڈبل سواری بند رہے گی۔
تاہم اس مرتبہ سال نو کے آغاز کے موقع پر سی ویو کا ساحل کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سائوتھ زون پولیس نے بتایا ہے کہ شہری دو دریا کی طرف جا کر آتش بازی سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
سی ویو تک شہریوں کو جانے کی اجازت ہونے کے باوجود ڈیفنس اور کلفٹن میں کئی سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی ہیں۔ سی ویو تک جانے کے خواہشمندوں کو متبادل راستے استعمال کرنا ہوں گی۔ سی ویو کے راستے کھلے رکھنے کا حکم وزیراعلیٰ سندھ نے اتوار کو اجلاس میں دیا تھا۔
پولیس نے ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کیخلاف بھی سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ امن امان کے لیے 3200 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب رینجرز نے بھی شہر بھر میں خصوصی گشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔