کراچی:سکھن پولیس نے مقابلے کے بعد متحدہ لندن کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر کے اسلحہ دستی بم برآمد کرلیا۔
ملزم 4پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد کے قتل میں ملوث ہے ،جبکہ سابق سیکٹر انچارج کورنگی رئیس مماکا دست راست بھی رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکھن پولیس نے مہران ہائی وے کے قریب مسلح ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہو ئے ایک ملزم روشن کو گرفتار کر کے دستی بم ،آوان بم اور نائن ایم ایم پستول برآمد کرلی۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ ملزم نے 2014 میں ابراہیم حیدری کے علاقے میں4 پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے شہید کیا تھا،جبکہ ملزم روشن کے خلاف شہر بھر کے مختلف تھانوں میں 38سے40 سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات درج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کے خلاف پولیس پر فائرنگ، اقدامِ قتل اور ایکسپلوزو ایکٹ کے تحت مقدمات کا اندراج کرلیا گیا ہے،جبکہ ملزم کا مزید کرائم ڈیٹا چیک کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار ملزم کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا،پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزم کا تعلق متحدہ لندن سے ہے اور سابق سیکٹر انچارج کورنگی رئیس مما کا دست راست بھی رہا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم نے کورنگی سیکٹر ممبر ابو ہریرہ، وصی عرف کاشف اور میر غوث کے ساتھ مل کرابراہیم حیدری پولیس کی موبائل پر حملہ کیا تھا، جبکہ یونٹ انچارج کی ہدایت پرملزم نےابراہیم حیدری میں سمندر کے پاس اپنے ہی 2 کارکنان کو قتل کیا تھا۔