وزیراعظم عمران خان نے مختلف محکموں کے سربراہان کو میڈیا سے تعلقات بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔
پرائم منسٹرہائوس اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے وزارت اطلاعات کے مختلف محکموں کے سربراہان نے ملاقات کی،ملاقات میں وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین ، معاونین خصوصی افتخار درانی اور یوسف بیگ مرزا بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ میڈیا سے متعلق حکومتی پالیسیوں کے بارے میں جان بوجھ کر کیے جانے والے من گھڑت پراپیگنڈے کے محرکات سے بخوبی آگاہ ہیں تاہم میڈیا کے ساتھ مل کراس مذموم ایجنڈے کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مضبوط ، متحرک اور ذمہ دار میڈیا ملک کی تعمیروترقی اور عوام کو باخبر رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ وزارت اطلاعات حکومتی پالیسیوں سے متعلق میڈیا کے ذریعے عوام کو باخبر رکھنے کے لیے مزید متحرک کردار ادا کرے۔
ان کا کہنا تھاکہ کوئی مہذب اور ذمہ دار معاشرہ بے بنیاد اور من گھرت خبروں کی تشہیر کی اجازت نہیں دیتا ۔ بے بنیاد خبروں کی اشاعت کی روش کی حوصلہ شکنی کے مشترکہ مشن میں میڈیا کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط کیا جائے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وزارتوں کے تعلقات عامہ کے افسران میڈیا کی معلومات تک کی رسائی اور درست انفارمیشن کی فراہمی میں متحرک کردار ادا کریں۔ موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی پہلی حکومت ہے جو ملک کی حالت زار بدلنے کے لیے اپنے منشور کے مطابق اسٹرکچرل ریفارمز (ڈھانچہ جاتی اصلاحات) پر عمل پیرا ہے
انہوں نے کہا کہ ہماری کاوشوں کا مقصد ذاتی مفادات کا حصول نہیں بلکہ ملک اور ملکی عوام کی بہتری ہے،قوموں کی زندگی میں سٹرکچرل ریفارمز ہمیشہ تکلیف دہ مرحلہ ہوتے ہیں لیکن اس مشکل مرحلے کے بعد اچھا اور خوشحال دور شروع ہوگا۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات حکومتی کے اصلاحاتی ایجنڈے اور اسکے مقاصد کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔