سابق صدر اور شریک ملزم 29 جون کو عدالت کے روبرو پیش ہوں۔فائل فوٹو
سابق صدر اور شریک ملزم 29 جون کو عدالت کے روبرو پیش ہوں۔فائل فوٹو

آصف زرداری کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

درخواست تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار اور خرم شیر زمان کی جانب سے دائر کی گئی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ آصف علی زرداری نے اپنے تمام اثاثہ جات کو ظاہر نہیں کیا لہذا انہیں آئین کے آرٹیکل 62،63 کے تحت نااہل کیاجائے۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری کو پارٹی کی وائس چیئرمین شپ کے عہدہ سے بھی ہٹایاجائے جب کہ آصف علی زرداری نے اپنے زیراستعمال گاڑیاں اور گھروں کی مکمل تفصیلات بھی فراہم نہیں کیں۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ عدالت درخواست پر جلد سماعت کرے گی، مجھے اپنی کامیابی کا بھی یقین ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے اربوں کے اثاثے ہیں، یہ بہت بڑا کیس ہے اور ہمارے پاس کئی ثبوت موجود ہیں، اب کیس عدالت میں ہے اس لیے اس پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہیے، جیسے ہی کیس پر کارروائی آگے بڑھے گی ہم میڈیا کو آگاہ کرتے رہیں گے۔

پی ٹی آئی کا یو ٹرن: زرداری کی نااہلی کی درخواست واپس لے لی

واضح رہےکہ تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے آصف علی زرداری کے خلاف 20 دسمبر کو الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ نیویارک میں اپارٹمنٹ چھپانے پر انہیں نااہل کیا جائے۔

تاہم تحریک انصاف کی جانب سے بعد میں اس درخواست کو واپس لے کر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا گیا۔