وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت میں انتخابات کہ وجہ سے الیکشن تک نریندرا مودی رویہ ایسا ہی جاریحانہ رہےگا۔ بھارتی کھلاڑیوں کےمیچ میں فوجی ٹوپیاں پہننے کا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نوٹس لے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم اپنی افواج کی کارروائی کے ذریعے بھارت کو امن کا واضح پیغام دے چکے ہیں۔ ہم بھارت کو جارحیت کا کوئی موقع نہیں دینا چاہتے اور اگر اس نے جارحیت کی تو بھرپورجواب دیں گے، ہمیں مودی کی مجبوری کا ادراک ہے، نریندرا مودی اپوزیشن کی تنقید کی وجہ سے دباؤ میں ہیں، ان کا بیانیہ بھارتی عوام بھی تسلیم نہیں کررہے، بھارتی عوام بھی کہہ رہے ہیں کہ ہم کشمیر کھو چکے ہیں۔ بھارت میں انتخابات تک نریندرا مودی کا لب و لہجہ ایسا ہی رہےگا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت ملکی ادارے اور معیشت بہتر کررہی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر سب کا اتفاق تھا لیکن عمل پیرا ہونے کی جرات نہیں تھی، پی ٹی آئی نے ملک کے اندرونی و بیرونی مفادات کو دیکھ کر نیشنل ایکشن پلان پر عمل کا فیصلہ کیا ہے، قومی قیادت کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ اس حوالے سے اپنی تجاویز دیں، ہم انہیں عملی جامہ پہنانے کے لیے مشاورت جاری رکھیں گے۔
کرکٹ میں سیاست کو شامل کرنے کے کی ایک اور بھارتی کوشش پر وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں نےمیچ میں فوجی ٹوپیاں پہن لیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ بھارتی کرکٹ ٹیم کے اس اقدام پر نوٹس لے۔