دھماکا خیزموادسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔فائل فوٹو
 دھماکا خیزموادسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔فائل فوٹو

کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب بم دھماکا،4اہلکار زخمی

کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب بم دھماکے میں چار اہلکار زخمی ہوگئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی کے قریب واقع روڈ میاں غنڈی پر دہشت گردوں نے ایک پولیس موبائل کو نشانہ بنایا جس میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔

دھماکے سے پولیس موبائل کو بھی شدید نقصان پہنچا،سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ پولیس موبائل کے قریب ایک موٹر سائیکل میں بم نصب تھا،امکان ہے کہ یہ دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا تاہم حتمی بات تحقیقات کے بعد سامنے آئے گی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے میاں غنڈی میں پولیس موبائل کے قریب بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ میں چار پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔

اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے، دہشت گردوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔

انہوں نے پولیس کو شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانے جبکہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج ومعالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی۔