بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول کے ستوال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی ۔فائل فوٹو
بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول کے ستوال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی ۔فائل فوٹو

ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ۔خاتون سمیت2شہری شہید

بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، بھارتی فوج نے ایل او سی پر چکوٹھی سیکٹرپرشہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت2شہری شہید اور4 زخمی  ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ترجمان مطابق بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کے دوران چکوٹھی سیکٹرمیں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس میں بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید ہونے والوں میں بکوٹ گاؤں کا ایک رہائشی غلام حسین اور گاؤں سوکا کی رہائشی نوشین بی بی شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں راجا محمود، زاہدہ بی بی، غلام محمد اور محمد ذاکر شامل ہیں۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج  کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور کنٹرول لائن پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

واضع رہے کہ 14 فروری 2019 کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوجی قافلے پر خود کش حملہ ہوا تھا جس میں 45 سے زائد اہلکار ہلاک ہوئے تھے،اس کے بعد سے بھارت کی جانب سے  کنٹرول لائن پربلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔