نندی پور ریفرنس، بابراعوان اور نیب پراسیکیوٹر کے درمیان تلخ کلامی

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نندی پور ریفرنس کے درمیان بابراعوان اور نیب پراسیکیوٹر میں تلخ کلامی ہو گئی، عدالت نے مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف اور پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کو بطور گواہ 21 مارچ کو طلب کر لیا۔

دورانِ سماعت استغاثہ کے گواہ وزارت توانائی کے سیکشن افسر محمد نعیم نے عدالت سے 10 دن کی مہلت مانگی تو ملزم بابر اعوان نے کہا کہ ان کے پاس گواہی دینے کے لیے کچھ نہیں ہے جس پر گواہ محمد نعیم نے کہا کہ میں آپ کے خلاف گواہ نہیں، میں تو ریکارڈ کسٹوڈین ہوں۔

دوران سماعت بابراعوان اور نیب پراسیکیوٹر کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔بابر اعوان نے کہا کہ آپ سیاسی گفتگو کر رہے ہیں، چھلانگیں نہ لگائیں بلکہ ٹرائل کرائیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس طرح کے الفاظ استعمال نہ کریں۔

بابر اعوان نے کہا کہ بلائیں خواجہ آصف کو کہ وہ سانپ لے کر آجائیں، خواجہ آصف نیب کا ملزم ہے اور نوید قمر نیب کا قیدی رہا ہے۔ نیب پراسیکیوٹرنے کہا کہ بابر اعوان صاحب جس طرح عدالت میں بول رہے ہیں یہ جلسہ نہیں ہو رہا۔