وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی ملاقات ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم آفس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ایئرچیف مجاہد انور خان اور ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال اور پیشہ وارانہ امور پر بات کی گئی۔
ملاقات میں سروسز چیفس نے وزیراعظم کو ملک کی زمینی، فضائی اور بحریسرحدوں کی صورتحال سے آگاہ کیا اور پاک فوج کی صلاحیت اور تیاریوں سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاک فوج خاص طور پر پاکستان فضائیہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تمام ہمسائیوں کے ساتھ امن چاہتا ہے، پوری قوم کو مسلح افواج پر فخر ہے، پاکستان نے اپنا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ بھارت کو پہلے بھی امن مذاکرات کی دعوت دی اب بھی دیتے ہیں۔