ثانوی تعلیمی بورڈ حیدرآباد نے نویں اور دسویں جماعت کے 25 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات ملتوی کردیے۔
ناظم امتحانات ڈاکٹر مسرور زئی نے امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔
ڈاکٹر مسرور زئی کے مطابق صوبائی حکومت نے سندھ ایجوکیشن بورڈز ریگیولیٹری اتھارٹی قائم کر کے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کو ریگولیٹری اتھارٹی کے ماتحت کر دیا ہے تاہم حیدرآباد کے تعلیمی بورڈ کے ملازمین اسے بورڈز کی خود مختاری کے خلاف سازش قرار دے رہے ہیں۔
بورڈز کے ملازمین گزشتہ ایک ماہ سے احتجاج کررہے ہیں اور دفتر کی تالا بندی کی ہوئی ہے۔ حکومت سندھ کی جانب سے تاحال کسی قسم کا اقدام نہیں اٹھایا گیا۔
واضح رہے کہ اس سال ایک لاکھ 32 ہزار طلبہ و طالبات ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت ہونے والے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات دے رہے ہیں۔
ماہرین تعلیم کا کہنا ہے اگر یہ صورت حال برقرار رہی تو طلبہ کی امتحان میں کارگردگی شدید متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔