مستحکم اور پرامن پاکستان کے عزم پر قائم ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہےکہ ہم مستحکم اور پرامن پاکستان کے عزم پر قائم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں چوتھی پاک برطانیہ کانفرنس سے خطاب کے دوران ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال پر روشنی ڈالی اور  شرکاء کو خطے کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی چیلنجز سے آگاہ کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانفرنس میں خطے کی معاشی ترقی کے لیے سی پیک کے کردار پر بھی روشنی ڈالی، آرمی چیف نے کانفرنس کے شرکاء کو ملک اور خطے میں امن کیلئے اپنے ویژن سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پرامن اور مستحکم پاکستان کے قیام کے لیے پر عزم ہیں۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں آرمی چیف سے برطانوی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک سینڈرز نے ملاقات بھی کی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔