پاکستان نے سری لنکا کو چوتھے میچ میں 7 وکٹ سے مات دیکر انڈر19 ون ڈے سیریز میں3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، حیدرعلی نے ناقابل شکست 93 رنز بناکر فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، کپتان روحیل نذیر نے بھی نصف سنچری بنائی۔
میزبان الیون نے پہلے کھیل کر مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ پر 195 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، اوپنرتھاویشا کوڈا ویراچی 64 رنز بناکر ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے، ان کی اننگز میں چار چوکے شامل رہے، اے تھارینڈو نے 79 گیندوں پر 50 کی اننگز کھیلی۔
پاکستان یوتھ ٹیم کی جانب سے شیراز خان نے 7 اوورز میں 34 رنز دیکر2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، محمد وسیم نے 42 رنز کے عوض 2 وکٹوں کا سودا کیا،ایک ایک پلیئر کو جنید خان اور محمد طحہ نے میدان بدر کیا، قومی جونیئر ٹیم نے مطلوبہ ہدف 34.5 اوورز میں 3 وکٹ پر 196 رنزبناکر حاصل کرلیا۔
اوپنر باسط علی اگرچہ کھاتہ نہیں کھول پائے لیکن دوسرے افتتاحی پلیئر حیدر علی نے ون ڈائون کپتان روحیل نذیر کے ہمراہ 117 کی شراکت بناکر ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کردیا۔
حیدر علی 95 بالز پر 93 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک سکسر شامل رہا، روحیل 69 کی اننگز کھیلنے کے بعد رن آئوٹ ہوگئے، محمد طحہ بھی بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوئے، قاسم اکرم نے 29 رنز ناٹ آئوٹ بنائے، دونوں ٹیموں میں سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے بدھ 5 مئی کو کھیلا جائیگا۔